بھٹکل:10؍ ڈسمبر(ایس اؤ نیوز) بھٹکل میں ودھان پریشد انتخابات کےلئے بروزجمعہ 10دسمبر 2021 کو صبح 8بجے سے جاری پولنگ شام چار بجے پرامن طور پر اختتام کو پہنچ گئی۔ جس میں 99.02 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔ بھٹکل تعلقہ کے 16گرام پنچایت اور ایک میونسپالٹی دفتر سمیت جملہ 17پولنگ بوتھوں میں ووٹنگ کے لئے انتظامات کئے گئے تھے۔جس کے جملہ 307 اراکین اور رکن اسمبلی کو ملا کر جملہ 308 اراکین کو ووٹنگ کا اختیار تھا جس میں سے تین لوگ غیر حاضر رہے۔
بھٹکل کے رکن اسمبلی سنیل نائک، میونسپالٹی صدر پرویز قاسمجی سمیت سبھی پنچایت و میونسپالٹی ممبران نے اپنے اپنے ووٹ کا استعمال کیا۔ بھٹکل کے منی ودھان سبھا میں پولنگ بوتھ بنایاگیا تھا۔ شام 4بجے پولنگ کی کارروائی مکمل ہوئی تو تحصیلدار نےجانکاری دی کہ بھٹکل تعلقہ میں کل 99.02 فیصد پولنگ ہوئی ہے۔
ودھان پریشد انتخابات کے لئے بھٹکل میں 34پولنگ آفیسر کے ساتھ 17آشا ، 17پولس ، 17اے این ایم کا عملہ انتخابی خدمات کےلئے مامور تھا۔ تعلقہ کے بائیلور ، کائی کنی ، ہیبلے پولنگ بوتھ کو شدید حساس کے طورپر نشان زد کرتےہوئے خصوصی حفاظتی انتظامات کئے گئے تھے۔ سبھی 17پولنگ بوتھ پر صبح ٹھیک 8بجے پولنگ شروع ہوئی ۔ جو شام 4بجے تک جاری رہی ۔ تعلقہ میں 2 ’ڈی‘درجہ کے اسٹاف سمیت کل 8لوگوں کو ریزرو الیکشن آفیسر کے طورپر نامزد کیا گیا تھا۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق شرالی تٹی ہکّل کے ناگراج دیواڑیگا بیمار ہونے کی وجہ سے اپنے ووٹ کا استعمال نہیں کرسکے، جبکہ ہیبلے حنیف آباد کی نور عرفات سعودی عربیہ میں جانے اور بھٹکل میونسپالٹی کی مدینہ کالونی (وارڈ نمبر 1) کی سبینہ تاج اُڈپی میں کسی فنکشن میں جانے کی وجہ سے ووٹنگ میں شریک نہیں ہوسکیں۔اس طرح جملہ تین لوگ غیر حاضر رہے اور بھٹکل میں 99.02 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی۔